راولپنڈی: جامع مسجد زکریا میں جمعرات 19 نومبر کو نمازِ عصر کے بعد ہونے والے ہنگامے اور لڑائی جھگڑے کے واقعات کا سی پی او راولپنڈی نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں فریقین کو معاملات باہمی طور پر حل کرنے کے لیے اتوار کی رات تک کی مہلت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق واقعے کے بعد متولی مسجد گروپ اور رائے ونڈ مضاربہ گروپ کے پانچ، پانچ ذمہ داران کو رات 10 بجے سی پی او آفس طلب کیا گیا، جہاں دونوں فریقین کا مؤقف سنا گیا۔ متولی مسجد گروپ کی سربراہی مولوی یوسف قریشی جبکہ مضاربہ گروپ کی قیادت مولوی عبدالرحمٰن کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران سی پی او راولپنڈی نے واضح کیا کہ کسی کو بھی مسجد میں لڑائی جھگڑے اور بدامنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے دونوں گروپوں کو ہدایت کی کہ اتوار کی رات تک باہمی طور پر صلح صفائی کرکے معاملہ حل کرلیں۔

سی پی او نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ وقت تک فریقین کے درمیان معاملات طے نہ ہوئے تو پیر 23 نومبر کو مسجد اور مدرسے کو سیل کرکے دونوں فریقین کو وہاں سے بے دخل کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسجد اور مدرسے میں امن و امان برقرار رکھنا ضروری ہے اور کسی بھی فریق کو کشیدگی یا لڑائی جھگڑے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔