واشنگٹن: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی فیس بک اور ٹوئٹر پر مہم چلانے سے ممکن نہیں، اس کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔
امریکہ میں ایک تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ ان کی نظریاتی مجبوری ہے کہ جب کوئی شخص یا سیاسی جماعت مظلوم بن جائے تو وہ اس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنے لباس پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے لیڈر کی امریکہ سے لے کر چارسدہ تک کی تقاریر اور الفاظ یاد ہیں۔
ایمل ولی خان نے ناقدین کو مشورہ دیا کہ وہ ان پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے لیڈر کی فکر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کرنے سے ان کے لیڈر کو جیل سے آزادی مل سکتی ہے تو وہ ضرور ایسا کریں، تاہم عمران خان کی رہائی کے لیے سوشل میڈیا کے بجائے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔