اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست پاکستان کو اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد و قربانیوں کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کو مضبوط، خوشحال، خودمختار، اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ آج پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و پٹرول کی بڑھتی قیمتوں، کرپشن، سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ آزادی کا حقیقی تقاضا ہے کہ عام آدمی کو معاشی استحصال، ظلم اور ناانصافی سے نجات دلائی جائے اور ریاستی وسائل پر اشرافیہ کی اجارہ داری ختم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کے لیے قانون، آئین، جمہوریت، انصاف اور قومی اتحاد کے اصول دیے۔ ہمیں انہی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایسا پاکستان تشکیل دینا ہوگا جہاں امیر و غریب کے لیے یکساں قانون ہو، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں، کسان اور مزدور خوشحال ہوں اور اقلیتوں سمیت ہر شہری کے بنیادی حقوق محفوظ ہوں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جہاں عدل، دیانت، آئین کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی ہو۔ یہی آزادی کا حقیقی تقاضا اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔