لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دولت، طاقت اور سیاسی اثر و رسوخ کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں بنا سکتے۔

مریم نواز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں پولیس حراست میں موجود شخص کو پیٹرول پمپ کے ملازم کو زور دار تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ اُن بگڑے ہوئے اور مغرور لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو غریبوں کو اپنے سے کمتر سمجھتے ہیں اور یہ گمان کرتے ہیں کہ دولت اور طاقت کے بل بوتے پر وہ قانون سے بچ نکلیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہیں، خواہ ان پر ظلم کرنے والا کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ کسی کی دولت، اثر و رسوخ یا سیاسی تعلقات اسے قانون کے کٹہرے میں جواب دہ ہونے سے نہیں بچا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف صرف امیر اور طاقتور طبقے کا حق نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور کسی مظلوم کو محض اس لیے تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا کہ اس کے مقابلے میں کھڑا شخص دولت اور طاقت رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور کسی کو بھی پیسے یا طاقت کے بل بوتے پر قانون سے بچ نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔