راولپنڈی: ویسٹریج میں واقع معروف جامع مسجد زکریا (تبلیغی مرکز) کے انتظامی معاملات اور ملکیت کے تنازع نے سنگین صورت اختیار کرلی ہے، جبکہ فریقین کے درمیان اختلافات ختم نہ ہونے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسجد اور تبلیغی مرکز سیل کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ جمعرات 19 نومبر کو نماز عصر کے بعد مسجد کے انتظام اور قبضے کے معاملے پر دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں متولی مسجد مولانا یوسف قریشی سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے میڈیکل رپورٹس کے ہمراہ مخالفین کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو درخواستیں بھی جمع کرائی گئیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی نے دونوں گروپوں کے نمائندوں کو اپنے دفتر طلب کیا، جہاں دونوں جانب سے پانچ، پانچ افراد پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق سی پی او نے فریقین کو اتوار کی رات تک باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود کوئی اتفاق رائے سامنے نہیں آسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ حل نہ ہونے کے باعث امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ مسجد اور تبلیغی مرکز کو سیل کرنے سمیت دیگر انتظامی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ زخمی افراد کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر بھی کارروائی پیر تک مؤخر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق تنازع جامع مسجد زکریا کے متولی گروپ اور رائے ونڈ گروپ کے درمیان مسجد کی ملکیت، انتظامی اختیارات اور سربراہی کے معاملے پر جاری ہے۔ تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر مولانا حاجی نذر الرحمٰن کے 16 نومبر 2026 کو انتقال کے بعد جماعت کے اندرونی انتظامی معاملات اور مختلف تبلیغی مراکز کی سربراہی کے حوالے سے اختلافات مزید نمایاں ہوئے ہیں۔
تبلیغی جماعت کے اندرونی اختلافات اور مراکز کے انتظامی کنٹرول کے معاملات صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی اس نوعیت کے تنازعات ماضی میں شدید تصادم کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ بنگلہ دیش میں نظام الدین مرکز سے وابستہ مولانا سعد کاندھلوی کے حامیوں اور عالمی شوریٰ سے وابستہ مولانا زبیر احمد کے پیروکاروں کے درمیان ٹونگی اجتماع گاہ اور ککرائل مسجد کے انتظامی کنٹرول پر متعدد مرتبہ کشیدگی سامنے آچکی ہے۔
دسمبر 2024 میں بنگلہ دیش کے علاقے ٹونگی میں تبلیغی اجتماع گاہ کے کنٹرول کے معاملے پر ہونے والی خونریز جھڑپ میں چار افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج اور نیم فوجی دستے تعینات کرنا پڑے تھے۔ بھارت میں بھی 2016 کے بعد نظام الدین مرکز کی سربراہی اور عالمی شوریٰ کے حامیوں کے درمیان اختلافات کے باعث مختلف مقامات پر جھگڑوں اور تصادم کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تبلیغی جماعت کی بنیاد گزشتہ صدی میں مولانا محمد الیاس کاندھلوی نے رکھی تھی۔ جماعت کی دعوت چھ بنیادی نکات پر مشتمل ہے، جن میں اکرامِ مسلم یعنی ہر مسلمان کی عزت، احترام اور خیرخواہی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
تاہم تبلیغی مراکز اور مساجد کے انتظامی معاملات پر جماعت سے وابستہ افراد کے درمیان تنازعات، تصادم اور تشدد کے واقعات نے جماعت کے بنیادی پیغام اور اکرامِ مسلم کے اصولوں پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔