اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور موتمر عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل راجہ محمد ظفر الحق نے آبپارہ اخبار مارکیٹ اسلام آباد کو سیل کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
ایک بیان میں راجہ ظفر الحق نے مطالبہ کیا کہ اخبار مارکیٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کرکے دوبارہ اخبار فروش یونین کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے مارکیٹ سیل کرنے کا اقدام محنت کش اخبار فروشوں کو حلال روزی کمانے سے روکنے کے مترادف ہے، جبکہ اس سے حکومت اور میڈیا کے درمیان فاصلے بھی بڑھ سکتے ہیں۔
راجہ ظفر الحق نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے اخبار فروشوں اور حکومت کے درمیان نئی محاذ آرائی جنم لے سکتی ہے۔ ان کے مطابق بعض عناصر میڈیا کے ساتھ غیر دوستانہ رویہ اختیار کرکے حکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 1982 میں وزیر اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے انہوں نے یہ مارکیٹ اخبار فروش یونین کو الاٹ کروائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر اخبار مارکیٹ ڈی سیل کرکے اخبار فروش یونین کے ساتھ تنازعات خوش اسلوبی سے حل کرنے چاہئیں۔