جدہ: قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ نے 23 اکتوبر 2026 سے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کا اجرا بند کرکے صرف ای پاسپورٹ جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ اور نادرا شناختی کارڈ پر صرف ایک نام درج ہونے والے شہری ای پاسپورٹ حاصل نہیں کرسکیں گے، اس لیے انہیں شناختی کارڈ میں والد یا خاندانی نام شامل کرانا ہوگا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اعلان کے مطابق ایم آر پی کی درخواستیں 22 اکتوبر تک وصول کی گئیں، جبکہ 23 اکتوبر سے ای پاسپورٹ کا اجرا شروع کردیا گیا۔ تاہم، پہلے سے جاری شدہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔

قونصلیٹ کے ترجمان کے مطابق قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی کی ہدایت پر پاکستانی کمیونٹی کی سہولت اور انتظار کا وقت کم کرنے کے لیے اپوائنٹمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے شہری صبح چار یا پانچ بجے قونصلیٹ پہنچ جاتے تھے اور نادرا و پاسپورٹ خدمات کے لیے سینکڑوں افراد کے رش کے باعث انہیں چار سے چھ گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔ نئے نظام کے تحت شہری مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے پہنچ کر اپنی کارروائی مکمل کراسکتے ہیں۔

سنگل نام والے شہریوں کے لیے اہم ہدایت

قونصلیٹ کے مطابق ای پاسپورٹ کے حصول کے لیے شناختی کارڈ پر کم از کم دو نام ہونا ضروری ہیں۔ جن شہریوں کے شناختی کارڈ پر صرف ایک نام درج ہے، انہیں پہلے نادرا کی اپوائنٹمنٹ حاصل کرکے شناختی کارڈ میں والد یا خاندانی نام شامل کرانا ہوگا، تاکہ ای پاسپورٹ کے اجرا میں پیش آنے والی رکاوٹ دور ہوسکے۔

یکم اکتوبر 2026 سے نادرا اور پاسپورٹ خدمات کے لیے اپوائنٹمنٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔ شہری سرکاری بکنگ پورٹل appointment.parepjeddah.org کے ذریعے وقت حاصل کرسکتے ہیں۔ بکنگ کے دوران اپنا موبائل نمبر درج کرنا ضروری ہے، کیونکہ تصدیقی ایس ایم ایس اور ٹریکنگ نمبر اسی نمبر پر موصول ہوگا۔ یہی پیغام قونصلیٹ میں داخلے کے لیے گیٹ پاس کے طور پر استعمال ہوگا، جبکہ شہریوں کو گیٹ نمبر 3 سے داخل ہونا ہوگا۔

ای پاسپورٹ کی فیس

قونصلیٹ کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ای پاسپورٹ کی فیس صفحات، میعاد اور اجرا کی نوعیت کے لحاظ سے مقرر کی گئی ہے۔

  • 36 صفحات، 5 سالہ: نارمل 150 سعودی ریال، ارجنٹ 250 ریال
  • 36 صفحات، 10 سالہ: نارمل 275 سعودی ریال، ارجنٹ 445 ریال
  • 72 صفحات، 5 سالہ: نارمل 225 سعودی ریال، ارجنٹ 370 ریال
  • 72 صفحات، 10 سالہ: نارمل 410 سعودی ریال، ارجنٹ 665 ریال

گمشدہ پاسپورٹ کی فیس

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گمشدہ پاسپورٹ کے دوبارہ اجرا کی فیس بھی زیادہ مقرر کی گئی ہے۔

  • نارمل، 5 سالہ: 300 سعودی ریال
  • نارمل، 10 سالہ: 550 سعودی ریال
  • ارجنٹ، 5 سالہ: 500 سعودی ریال
  • ارجنٹ، 10 سالہ: 890 سعودی ریال

قونصلیٹ کے اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کو جدید بنانا، شہریوں کے انتظار کا دورانیہ کم کرنا اور پاکستانی کمیونٹی کو منظم طریقے سے سہولت فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قونصلیٹ جانے سے پہلے اپنی اپوائنٹمنٹ اور شناختی دستاویزات کی ضروری شرائط پوری کرلیں۔